کوئٹہ(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت محکمہ زکواۃو اوقاف کی تنظیم نو سے متعلق اجلاس جمعرات کو یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں صوبے میں زکواۃ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور مستحقین تک شفاف انداز میں رقوم کی ترسیل یقینی بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے اجلاس میں بلوچستان بھر میں زکواۃ کے نظام کو ڈیجیٹلائزڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ مستحقین کو براہِ راست ان کے ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعے زکواۃ کی رقوم منتقل کی جاسکیں اس حوالے سے اتفاق رائے کیا گیا کہ زکواۃکی تقسیم میں شفافیت، میرٹ اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنایا جائے گا وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر کہا کہ زکواۃ کے فنڈز مستحقین تک مؤثر انداز میں پہنچانے کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی معاونت حاصل کی جائے گی، جبکہ مستحق افراد کی درست شناخت کے لیے نادرا ڈیٹا اور جدید ڈیجیٹل سسٹمز استعمال ہوں گے انہوں نے کہا کہ اس نظام سے کرپشن، بدعنوانی اور بے ضابطگیوں کا خاتمہ ہوگا اور عوام کا اعتماد بحال ہوگا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ زکواۃ فنڈز کے مؤثر اور منصفانہ استعمال سے معاشرتی انصاف کو فروغ ملے گا اور حقیقی مستحقین براہِ راست مستفید ہوں گے انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی اولین ترجیح شفافیت اور میرٹ پر مبنی نظام کی تشکیل ہے تاکہ صوبے کے غریب اور نادار طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جاسکے اجلاس میں صوبائی وزیر میر محمد صادق عمرانی، پارلیمانی سیکرٹری برائے زکواۃمحترمہ شہناز عمرانی، پرنسپل سیکرٹری بابر خان، سیکرٹری زکواۃ و اوقاف محمد اسحاق جمالی، سیکرٹری خزانہ عمران زرکون اور ایڈیشنل سیکرٹری چیف منسٹر سیکرٹریٹ محمد فریدون نے شرکت کی۔

