دہشت گردی میں ملوث عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں،چوہدری نعیم کریم

کوئٹہ(این این آئی)مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئر رہنما چوہدری نعیم کریم نے کہا ہے کہ دہشتگردی میں ملوث عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں انکے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ایف سی ہیڈکوارٹر پر خود کش حملے میں شہید ہونے والے اہلکار اورشہری ہمارے ماتھے کا جھومرہیں جن کی قربانیاں انشاء اللہ رائیگاں نہیں جائیں گی،بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں 21دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکورٹی فورسز کے اہلکار خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے رابطہ آفس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ کوئٹہ میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر دہشت گردوں کے حملے میں ایف سی اہلکاروں سمیت13شہریوں کی شہادت اور 30کے قریب زخمی ہونے کے واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی میں ملوث عناصرمسلمان تو دور انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف سی ہیڈکوارٹر پر خود کش حملے کے بعد ایف سی اہلکاروں نے فوری رسپانس دیتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں 6دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا جس سے ایف سی ہیڈکوارٹر اورعلاقہ ایک بڑی تباہی سے محفوظ رہا۔انہوں نے شہید ہونے والے ایف سی اہلکاروں اورشہریوں کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہارکیا جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعاکی۔ انہوں نے کوئٹہ، شیرانی اور تربت میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے دوران 21دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائی کرکے صوبے کو ایک بڑی تباہی سے بچالیا۔انہوں نے کہا کہ سرحدوں کی حفاظت اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے سیکورٹی فورسز کے اہلکار ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں جن کی قربانیاں انشاء اللہ رائیگاں نہیں جائیں گی اور ملک سے جلد دہشت گردوں کا مکمل صفایا کردیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں