بلوچستان دشمن نیٹ ورکس،بھارتی پراکسیز کو ناکام بنانا سیکیورٹی فورسز کی شاندار صلاحیتوں کا ثبوت ہے،میرسرفراز بگٹی

کوئٹہ(این این آئی) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع شیرانی میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم گروہ فتنہ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو زبردست الفاظ میں سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بروقت اور مؤثر کارروائی بلوچستان میں امن و امان کے قیام کی روشن دلیل ہے اور اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ہماری فورسز ہر چیلنج کا بھرپور مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان دشمن نیٹ ورکس اور بھارتی پراکسیز کو ناکام بنانا سیکیورٹی فورسز کی شاندار صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فورسز کی بہادری اور قربانیاں نہ صرف صوبے کے عوام کے لیے اعتماد اور حوصلے کا ذریعہ ہیں بلکہ دہشت گردی کے خاتمے کے قومی عزم کو بھی مزید مضبوط کرتی ہیں سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بطور وزیر اعلیٰ ہی نہیں بلکہ بطور اس دھرتی کے بیٹے کے، مجھے اپنے بہادر جوانوں پر بے حد فخر ہے جو ہر مشکل لمحے میں وطن کے دفاع کے لیے سینہ سپر ہوتے ہیں۔ “ہمارے جوانوں کی بہادری ہی ہمیں نئی ہمت اور یقین عطا کرتی ہے، اور انہی کی قربانیوں کے باعث بلوچستان امن و ترقی کی راہ پر گامزن ہے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں امن و ترقی کے سفر کو کوئی دشمن طاقت سبوتاڑ نہیں کر سکتی اور حکومت صوبے کے عوام کے تحفظ اور خوشحالی کے لیے سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں