چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ نے وراثتی مقدمات کی مؤثر، بروقت سماعت یقینی بنانے کیلئے کوئٹہ میں دو خصوصی اپیلٹ کورٹس نامزد کر دیں

کوئٹہ(این این آئی) چیف جسٹس ہائی کورٹ بلوچستان جسٹس روزی خان بڑیچ نے وراثتی مقدمات کی مؤثر، بروقت اور شفاف سماعت کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم انتظامی اقدام اٹھاتے ہوئے کوئٹہ میں دو خصوصی اپیلٹ کورٹس نامزد کر دی ہیں۔تفصیلات کے مطابق، چیف جسٹس کے حکم کے تحت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج-VIII، کوئٹہ اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج-X، کوئٹہ کو وراثتی مقدمات کی سماعت اور فیصلے کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت، کوئٹہ کے دیگر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کے سامنے زیرِ التوا تمام وراثت کے مقدمات اب ان دو نامزد عدالتوں کو منتقل کر دیے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں