اسلام آباد(این این آئی)وزارتِ خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ صمود فلوٹیلا میں شریک پاکستانی شہری ہیں، جن میں سابق سینیٹر مشتاق احمد بھی شامل ہیں، اس وقت اسرائیلی قابض افواج کی تحویل میں ہیں۔ ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق حکومتِ پاکستان اپنے شہریوں کی محفوظ اور فوری واپسی کے لیے بھرپور سفارتی کوششیں کر رہی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے اپنے بیان میں کہا کہ سابق سینیٹر مشتاق احمد محفوظ اور خیریت سے ہیں، ان کی قانونی کارروائی بین الاقوامی ضابطوں کے مطابق ہوگی اور اسرائیلی عدالت میں انہیں پیش کیا جائے گا۔وزارتِ خارجہ کے مطابق ایک دوست یورپی ملک کے ذریعے سفارتی ذرائع سے مشتاق احمد کی صورتحال کی تصدیق کی گئی ہے۔ترجمان نے بتایا کہ ڈی پورٹیشن آرڈر جاری ہونے کے بعد مشتاق احمد کی وطن واپسی عمل میں لائی جائے گی۔دفترِ خارجہ کے مطابق حکومت اپنے تمام شہریوں کے تحفظ اور جلد رہائی کیلئے پرعزم ہے،پاکستان اس معاملے کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر عالمی سطح پر بھی اجاگر کر رہا ہے تاکہ تمام فلوٹیلا شرکا کو بین الاقوامی قوانین کے مطابق تحفظ فراہم کیا جائے۔

