کوئٹہ(این این آئی) گوادر کے ساحلی علاقوں میں سمندری طوفان میں پھنس جانے والی 13کشتیوں کو بچالیا گیا۔محکمہ فشریز حکام کے مطابق اتوار کی صبح ساحلِ اورماڑہ پر تیز ہواؤں اور سمندری طوفان (سائیکلون) کے باعث شدید صورتحال پیدا ہوئی۔طوفان سے قبل محکمہ فشریز کی جانب سے مقامی ماہی گیروں کو بروقت خبردار کر دیا گیا تھا، اور سماجی رابطوں کے ذرائع سے پیغام جاری کیا گیا تھا کہ وہ گہرے سمندر میں نہ جائیں اور اپنی کشتیاں محفوظ مقام پر منتقل کر دیں۔تاہم واقعے کے وقت 13 مقامی چھوٹی کشتیاں ساحل کے قریب موجود تھیں۔ فشریز میرین ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں، اور بھاری مشینری کے ساتھ ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا گیا۔ اس کارروائی کے دوران محکمہ فشریز نے 9 کشتیاں بحفاظت نکال لیں، جب کہ باقی کشتیاں مقامی ماہی گیروں اور دیگر امدادی افراد کی مدد سے بچا لی گئیں۔ریسکیو میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ البتہ ماہی گیروں کی کشتیوں کو نقصان پہنچا ہے جس کی تفصیلات معائنہ کے بعد معلوم ہوسکے گی۔

