وفاق کو ہماری ضرورت ہے،ن لیگ پہلے معاملات آپس میں طے کر لے‘ سعید غنی

کراچی (این این آئی)وزیر محنت سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کو قانون سازی میں ہمارے ووٹوں کی ضرورت ہے، ن لیگ پہلے معاملات آپس میں طے کر لے۔نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں ان کے لیڈرز کیا کہتے ہیں، پنجاب حکومت اگلے روز کچھ اور کہہ دیتی ہے اور معاملات کو خراب کرتی ہے۔ پنجاب حکومت کس کو مشکل میں ڈال رہی ہے؟ سعید غنی کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے بلاول بھٹو زرداری کی تعریف کی، ہم یہ نہیں چاہیں گے کہ حکومت سے نکلنے کے بعد معاشی بحرانی کیفیت پیدا ہو جائے۔انہوں نے کہا کہ انتخابات سے بڑا کوئی پیمانہ نہیں ہوتا، پیپلز پارٹی کے کامیاب ارکان پر فارم 47 کا الزام نہیں ہے، مسلم لیگ ن کے لوگوں پر فارم 47 کے الزامات ہیں، سندھ کی اکثریت پیپلز پارٹی سے مطمئن ہے۔صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ سندھ میں جب سیلاب آیا تو میں گلا کر رہا تھا کہ بڑا سیلاب آیا اور سب چھوٹی چھوٹی چیزوں میں لگے ہوئے تھے، سیلاب متاثرین ہمارے بھائی ہیں۔سعید غنی نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا میرا پانی میری مرضی، پانی آپ کا نہیں، آپ کی حکومت ہے، جب نہریں بنانے کی بات ہو رہی تھی اس وقت بھی پنجاب میں پانی کی کمی تھی، پنجاب اپنا پانی کہاں سے نکالے گا؟ سندھ میں پانی کی کمی دہائیوں سے ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں