گھوٹکی میں پریس کلب کے جنرل سیکرٹری طفیل رندکا بہیمانہ قتل قابل مذمت

لاہور (این این آئی)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے گھوٹکی میں سینئر صحافی طفیل رند کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرپور ماتھیلو پریس کلب کے جنرل سیکرٹری طفیل رند کو دن دیہاڑے گولیاں مار کر شہید کیا گیا، جو قابلِ افسوس اور قابلِ مذمت واقعہ ہے۔عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ صحافی طفیل رند اس وقت بچوں کو اسکول چھوڑنے جا رہے تھے جب انہیں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ان کی 8 سالہ بھتیجی بھی جاں بحق ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ چند ہفتے قبل بھی سندھ میں ایک نوجوان صحافی کو قتل کیا گیا تھا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ وہاں صحافیوں کو منظم انداز میں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ صحافیوں کا پے در پے قتل دراصل خوف و ہراس پھیلانے کی ایک خطرناک کوشش ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت اس افسوسناک واقعے کے ملزمان کی فوری گرفتاری کو یقینی بنائے اور صحافی برادری کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں