میر مراد بلوچ کی نیشنل پارٹی میں شمولیت، پارٹی کے لیے عوامی قوت میں اضافہ قرار

کوئٹہ ( این این آئی ) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء اور بلوچستان اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر میر رحمت صالح بلوچ نے کیل کور کی معروف سماجی و قبائلی شخصیت میر مراد بلوچ کی نیشنل پارٹی میں شمولیت پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ میر مراد بلوچ جیسے باشعور اور باکردار شخصیات کی آمد نیشنل پارٹی کے لیے باعثِ فخر اور تنظیمی و سیاسی طور پر خوش آئند امر ہے۔انہوں نے کہا کہ میر مراد بلوچ ایک فعال سماجی شخصیت ہیں جنہوں نے ہمیشہ اپنے علاقے کے عوام کی خدمت، امن و ہم آہنگی کے فروغ اور نوجوان نسل کی رہنمائی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ان کی نیشنل پارٹی میں شمولیت سے نہ صرف کیل کور بلکہ پورے مکران ڈویژن میں پارٹی کو نئی توانائی اور عوامی قوت حاصل ہوگی۔میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی ایک نظریاتی، جمہوری اور عوام دوست سیاسی جماعت ہے جو صوبے کے وسائل پر عوامی حقِ ملکیت، تعلیم، صحت، روزگار اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہی ہے۔ میر مراد بلوچ جیسے باشعور رہنماؤں کا پارٹی پر اعتماد اس بات کا ثبوت ہے کہ نیشنل پارٹی بلوچستان کے عوام کے حقیقی جذبات اور امنگوں کی ترجمان ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کے دروازے ہر اُس فرد کے لیے کھلے ہیں جو صوبے کے وسیع تر مفاد اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ سیاست میں قدم رکھنا چاہتا ہے۔ میر مراد بلوچ جیسے مخلص لوگ پارٹی کے مشن کو آگے بڑھانے میں سنگِ میل ثابت ہوں گے۔ میر رحمت صالح بلوچ نے میر مراد بلوچ،ان کے رفقاء اور خاندان کے افراد کو نیشنل پارٹی کے پلیٹ فارم پر خوش آمدید کہا اور امید ظاہر کی کہ وہ پارٹی کے نظریے اور عوامی جدوجہد میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں