صوبے سے کرپشن کے ناسور کا خاتمہ کئے بغیر ترقی ممکن نہیں،لالہ یوسف خلجی

کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کا معاشی مسئلہ اگر حل کردیا جائے تو دہشت گردی خود بخود ختم ہوجائے گی ہر سال بلوچستان کی ترقی کے نام پرآنے والے اربوں روپے خوردبرد ہوجاتے ہیں کرپشن کا اعتراف خود وزیراعلیٰ نے کیا ہے ہم وزیراعلیٰ سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ کرپشن کون کررہا ہے؟۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ بلوچستان امن جرگہ ہمیشہ سے کہتا رہا ہے کہ بلوچستان کا مسئلہ دہشت گردی نہیں بلکہ معاشی اور کرپشن ہے جسکا اعتراف گزشتہ روز وزیراعلیٰ بلوچستان نے بھی کیا ہے اوروزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کرپشن ایک ناسور ہے جس کا خاتمہ ضروری ہے وزیراعلیٰ کو یہ بھی پتہ ہوگا کہ کرپشن کون کر رہا ہے؟۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں گزشتہ سال 200ارب روپے ترقیاتی فنڈز خرچ ہوئے لیکن ترقیاتی کام کہیں بھی زمین پرنظر نہیں آرہے ہیں پتہ نہیں ترقیاتی کام خلا میں ہوئے ہیں یا کہاں ہوئے ہیں اور یہ اتنی بڑی رقم کرپشن کی نظر ہوگئی اور بلوچستان کا دارالخلافہ کوئٹہ کھنڈرات کا منظر پیش کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا معاشی مسئلہ حل اور کرپشن کا خاتمہ کردیا جائے تو دہشت گردی خود بخود ختم ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب تو وزراء اور ارکان اسمبلی بھی کرپشن اور بدعنوانی کے الزامات لگارہے ہیں نیب، اینٹی کرپشن اوردیگر تحقیقاتی اداروں کو کرپشن میں ملوث عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرنا ہوگا تاکہ صوبے کی ترقی کیلئے آنے والا پیسہ صحیح معنوں پر ترقیاتی کاموں پر خرچ ہوسکے اور صوبے سے کرپشن کے ناسور کا خاتمہ کیا جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں