بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا غیر معیاری اور مضرِ صحت گوشت کی فروخت کے خلاف کریک ڈاون جاری

کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا غیر معیاری اور مضرِ صحت گوشت کی فروخت کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے۔ صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی حاجی نور محمد دمڑ کی خصوصی ہدایت پر کوئٹہ شہر میں جاری مہم کے تحت جوائنٹ روڈ کے مختلف علاقوں میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے متعدد گوشت کی دکانوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ دوران انسپیکشن کل 50 دکانوں کی چیکنگ کی گئی، 3 مٹن، 32 فش اسٹالز، 4 بیف شاپس اور 6 پولٹری شاپس مالکان پر جرمانے عائد جبکہ 5 مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔اتھارٹی حکام کے مطابق جرمانہ کردہ مراکز میں حفظانِ صحت کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزیاں سامنے آئیں جن میں صفائی کی مجموعی حالت کی خرابی، آلودہ فریزرز، مکھیوں کی بھرمار، دکانوں کے باہر گوشت گرد و غبار میں لٹکا ہوا اور بغیر لائسنس کاروبار جیسے عوامل شامل تھے۔ ترجمان بی ایف اے کے مطابق مہم کا مقصد عوام کو محفوظ، تازہ اور معیاری گوشت کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ اس ضمن میں مختلف انسپیکشن ٹیموں کو ہدایات جاری کی گئیں ہیں کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر انسپیکشنز کو موثر بناتے ہوئیخلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں