نیشنل پارٹی مکران ریجن کا تربت میں اجلاس، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا گوادر میں پانی بحران پر اظہارِ تشویش

تربت (پریس ریلیز) نیشنل پارٹی مکران ریجن کا اجلاس زیر صدارت ریجنل سیکریٹری واجہ ابولحسن کے تربت میں ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا، اجلاس کے مہمان خاص مرکزی صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ تھے۔
اجلاس میں تنظیمی امور، موجودہ سیاسی صورتحال، گوادر میں پانی کے بحران، بارڈر کاروبار کی بندش اور دیگر اہم سیاسی و سماجی امور و مسائل پر تفصیلی مباحثہ کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ بارڈر کاروبار لاکھوں افراد کا ذریعہ معاش ہے اور اس کی بندش سے عوام شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگاری اس وقت ایک سنگین مسئلہ بن چکی ہے، جس کے حل کے لیے حکومت کو نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کرنے ہوں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت بارڈر کاروبار سے وابستہ افراد کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے گوادر میں پانی کی شدید قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گوادر کے عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں، سی پیک کے نام پر اربوں ڈالر خرچ ھوئے لیکن گوادر کے عوام آج بھی پانی کے لئے ترس رئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں پانی کی فراہمی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی عوام دوست جماعت ھے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل پارٹی جمہوری سیاست پر یقین رکھتی ہے اور کارکنان کو چاہیے کہ پارٹی کے بیانیے اور سیاسی پروگرام کو منظم انداز میں گھر گھر پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کی محنت سے گزشتہ انتخابات میں کامیابی حاصل کی، لیکن پارٹی کے مینڈیٹ کو فارم 47 کے ذریعے تبدیل کیا گیا۔
اجلاس سے نیشنل پارٹی کے ریجنل سیکریٹری واجہ ابوالحسن بلوچ نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں باقاعدگی سے تنظیمی سرگرمیاں اور سیاسی سرکلز کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ شہید ڈاکٹر یاسین بلوچ کی برسی 12 نومبر کو عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی اور پارٹی کارکنان جلسہ عام کی بھرپور تیاری کریں۔ اجلاس میں مکران ریجن کے تینوں اضلاع پر مشتمل دورہ کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔

اجلاس میں نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن کہدہ اکرم دشتی، ریٹائرڈ جسٹسں شکیل احمد بلوچ، حاجی صالح بلوچ، واجہ حسین اشرف، مرکزی فنانس سیکریٹری حاجی فدا حسین دشتی، مرکزی جوائنٹ سیکریٹری واجہ حمل، لالہ رشید بلوچ، رجب یاسین، ضلعی صدر گوادر عبدالغفور ہوت، پجار اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے چیئرمین بوھیر صالح، ڈپٹی ریجنل سیکرٹری طاہرہ خورشید، صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری انور اسلم، صوبائی میڈیا سیکرٹری حفیظ علی بخش، ورکنگ کمیٹی کے رکن بی بی شاری ابولحسن, ورکنگ کمیٹی کے اراکین محسن بھٹو، فدا جان بلیدی، بجار بلوچ، ضلعی کیچ کے صدر یونس جاوید، پنجگور کے ضلعی صدر حاجی ایوب، محمد حیاتان، مشکور انور، سرتاج گچکی، رفیق جمعہ، ڈاکٹر نور، عنایت اللہ اور صمد صادق، محمد اسماعیل نے بھی شرکت کی اور خطاب کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں