افغان فورسز اورفتنہ الخوارج کا پاکستانی پوسٹوں پر حملہ قابل مذمت ہے،سردارسربلند جوگیزئی

کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سردارسربلند جوگیزئی نے افغان فورسز کی بلاشتعال فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ افواج پاکستان اوربہادر سپوتوں نے بزدل دشمن کو منہ توڑ جواب دیکر یہ ثابت کردیا ہے کہ فورسز اپنے ملک کی سرحدوں کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں،،قوم دفاع وطن کیلئے پر عزم افواج پاکستان کی پشت پر ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سردارسربلند جوگیزئی نے کہا کہ افغان فورسز ور فتنہ الخوارج نے اسوقت پاکستانی پوسٹوں پر حملہ کیا جب افغان عبوری وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی بھارت کے دورے پر تھے جس سے ثابت ہوگیا ہے کہ خطے میں کشیدگی کے پیچھے بھارتی ہاتھ ہی کار فرما ہے،افغانستان سے دہشتگردی کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کو دو اطراف سے ایک ہی دشمن کا سامنا ہیہمارے شاہین چوبیس گھنٹے چوکنا ہیں اور کوئی ایڈونچر نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ افغان فورسز اور فتنہ الخوارج کے حملے کا پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیکر یہ ثابت کردیا ہے کہ پاک فوج اور دیگر سیکورٹی ادارے ملک کی سرحدوں کے دفاع کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ سردارسربلند جوگیزئی افغان فورسز کے حملے کو ناکام بنانے پر پاک فوج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے دفاع کیلئے پوری قوم اپنی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اورکسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں