لاہور(این این آئی)چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن، سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ بریگیڈیئر (ر)بابر علاؤالدین نے اسسٹنٹ کمشنر جلالپور پیروالا کے ہمراہ بہاراں والا بند، بستی صدیق آباد اور بستی بہاراں کا دورہ کیا۔دورے کے دوران انہوں نے سیلاب سے متاثرہ گاؤں، تباہ شدہ فصلوں اور بند میں شگاف کے مقامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں مرمت اور بحالی کے کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں تاکہ کسانوں اور مقامی آبادی کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔ بریگیڈیئر بابر علاؤالدین (ر) نے کہا کہ حکومت پنجاب متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑی ہے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے جانوروں کے نقصان، مکانات کے گرنے اور جانی نقصان کے شکار خاندانوں کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا ہے، جبکہ وزیراعظم نے متاثرہ علاقوں کے بجلی کے بل معاف کر دیے ہیں۔چیئرپرسن نے کہا کہ حکومت دن رات عوام کی بحالی کے لیے کوشاں ہے، اور تمام ادارے مل کر سیلاب زدہ علاقوں کے لوگوں کو ریلیف اور سہولت فراہم کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔انہوں نے موقع پر موجود شہریوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور یقین دلایا کہ تمام ضروری امدادی اور بحالی اقدامات جلد مکمل کیے جائیں گے -چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن ڈائریکٹوریٹ بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے ٹی ایچ کیو ہسپتال جلالپور پیر والا کا اچانک دورہ کیا- انہو ں نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی، نظم و نسق اور عملے کی حاضری کا تفصیلی جائزہ کیا ا-شام کے اوقات میں ڈی ایم ایس کی غیر موجودگی اور عملے کی کمی پر مریضوں کی شکایات اوربچہ وارڈ اور نرسری میں صفائی کے مسائل پر چیئرپرسن نے اظہارِ تشویش کیا۔بابر علاؤالدین نے جنرل سرجن کی عدم دستیابی پر مریضوں کو درپیش مشکلات پر فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔بریگیڈیئر بابر علاؤالدین نے متعلقہ افسران کو تمام خامیاں فوری دور کرنے اور چیف ایگزیکٹو ہیلتھ سے رابطہ کر کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔ انہو ں نے کہاکہ بہتر طبی سہولیات کی فراہمی حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور ہسپتالوں کی بہتری ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر عوام کو معیاری علاج معالجے کی سہولیات یقینی بنائی جا رہی ہیں۔

