نیویارک(این این آئی)پاکستان 2026 تا 2028 اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا رکن منتخب ہو گیا۔سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کو کونسل کے لیے بھاری اکثریت سے ووٹ ملے، یہ انتخاب انسانی حقوق کے فروغ میں پاکستان کے کردار کا اعتراف ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان تمام رکن ممالک کی حمایت پر اظہار تشکر کرتا ہے، پاکستان اصولوں برداشت، احترام، آفاقیت، اتفاق رائے، شراکت پر کاربند رہے گا۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر انسانی حقوق کے لیے کام جاری رکھے گا۔نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہاکہ اقوام متحدہ کے رکن ملکوں نے پاکستان پراعتماد کا اظہار کیاجوانسانی حقوق کے فروغ کیلئے ہمارے کردار کا اعتراف ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے اس پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا پاکستان کا اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا رکن منتخب ہونا پاکستان کے موثر اوربھرپور عالمی کردارکو عکاس ہے،پاکستان انسانی حقوق کی سر بلندی کے لئے بھرپور کردار ادا کرنے کیلئے پُرعزم ہے۔دوسری جانب پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ یہ اعزاز انسانی حقوق کے فروغ،جمہوری اقدار کے احترام اور بین الاقوامی تعاون میں مثبت کردار کے اعتراف کا مظہر ہے

