گورنر بلوچستان سے بنگلہ دیشی ڈپٹی کمشنر محمد ثاقب صداقت کی ملاقات

کوئٹہ(این این آئی) گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے پاکستان میں تعینات بنگلہ دیش کے ڈپٹی کمشنر محمد ثاقب صداقت سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش دو برادر مسلم ممالک ہیں اور ان کے درمیان گہرے اور خوشگوار تعلقات قائم ہیں. یہ بات خوش آئند ہے کہ بنگلہ دیش کے سرمایہ کار بلوچستان میں زراعت اور تجارت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کے خواہشمند ہیں. گورنر مندوخیل نے بلوچستان میں موجود بنگلہ دیشی سرمایہ کاروں کیلئے سرمایہ کاری کے منافع بخش مواقعوں کا ذکر کرتے ہوئے زراعت، معدنیات، توانائی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی جیسے شعبوں کو نمایاں کیا. زراعت، ماہی-گیری اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے بلوچستان اور بنگلہ دیش کے درمیان باہمی تجارت کو بڑھانے کے شاندار مواقع دستیاب ہیں۔ یہ حقیقت ہے کہ سمال کاٹیج انڈسٹریز میں بنگلہ دیش کا بہت بڑا تجربہ ہے. ہم پاکستان میں خواتین کی معاشی سرگرمیوں میں شرکت کو یقینی بنانے کیلئے بہتر رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں. خواتین ہماری نصف آبادی سے زائد ہے ان کیلئے تجارت روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا لازمی ہے. انہوں نے کہا کہ دونوں خطوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کیلئے نئے تقاضوں کے مطابق نئے ثقافتی تبادلے کے پروگراموں کی حکمت عملی زیادہ کارآمد ہو سکتی ہے جسکے نتیجے میں عوام سے عوام کے روابط اور باہمی افہام و تفہیم کو بھی فروغ ملے گا۔ ایجوکیشن سیکٹر میں باہمی تعاون کی نشاندہی کرتے ہوئے گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ اسٹوڈنٹس کے تبادلے، فیکلٹی کی ترقی، اور بلوچستان اور بنگلہ دیش کی یونیورسٹیوں کے درمیان نصاب کا اشتراک بہت اہم ہے۔ اسطرح قدرتی آفات جیسے زلزلوں اور سیلابوں وغیرہ کیلئے دونوں خطوں کے خطرات و خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں