سانحہ کارساز سیاسی تاریخ کا سیاہ مگر عظیم باب،میرسرفراز بگٹی

کوئٹہ(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سانحہ کارساز کی 18ویں برسی کے موقع پر جمہوریت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ہے انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ سانحہ کارساز پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک سیاہ مگر عظیم باب ہے، جہاں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے قافلے پر حملہ دراصل جمہوری اقدار اور عوامی جدوجہد پر ایک بڑا وار تھا وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ 150 سے زائد کارکنوں نے جمہوریت کی بقا کے لیے اپنی جانیں قربان کیں جبکہ سینکڑوں زخمی کارکن آج بھی اس جدوجہد کی یاد دلاتے ہیں جس کا مقصد پاکستان میں عوام کی بالادستی اور جمہوری نظام کا استحکام تھا انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنی پوری زندگی جمہوری اصولوں، عوامی حقوق اور وفاق کی مضبوطی کے لیے وقف کی۔ ان کی قیادت نے قوم کو امید، حوصلہ اور اتحاد کا پیغام دیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت جمہوری استقامت اور قربانی کی وہ مثال ہے جس نے پاکستان کے سیاسی سفر کو ہمیشہ کے لیے نئی سمت دی انہوں نے کہا کہ سانحہ کارساز کے شہداء نے اپنے لہو سے جمہوریت کی شمع کو روشن رکھا اور آج پاکستان اسی استقامت کا نتیجہ ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان حکومت ملک میں سیاسی برداشت، جمہوری اصولوں کے استحکام اور عوامی ہم آہنگی کے فروغ پر یقین رکھتی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکنوں کی قربانیاں قومی وحدت اور جمہوری عزم کی علامت ہیں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو، ان کے ساتھیوں اور شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ کارساز کی یاد ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ جمہوریت قربانی، استقامت اور عوامی خدمت کے جذبے سے ہی زندہ رہتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں