گوادر(این این آئی)محکمہ زراعت توسیع ضلع گوادر کی جانب سے کسان گرین کارڈ کے اجراء کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع ضلع گوادر ریاض احمد بلوچ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسان گرین کارڈ ہمارے کسان بھائیوں کے لیے ایک سنہری موقع ہے۔ اس کارڈ کے ذریعے کسان براہِ راست سرکاری سہولتوں، امدادی اسکیموں اور مختلف زرعی منصوبوں سے استفادہ حاصل کر سکیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ زراعت ضلع گوادر کی جانب سے تحصیل اورماڑہ، بسول، دشت اور دیگر دیہی علاقوں کے تمام کسانوں، زمینداروں اور باغبانوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ جلد از جلد اپنی رجسٹریشن مکمل کریں۔تمام اہل کسان حضرات کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنی رجسٹریشن کے لیے محکمہ زراعت گوادر کے دفتر میں درخواست جمع کرائیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر کے مطابق یہ کسان گرین کارڈ مستقبل میں کسانوں کی زمینوں، کھیتوں اور باغات کی ترقی و خوشحالی کے لیے بیش قیمت مواقع فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ کسان اپنے خاندان، دوستوں اور ہمسایہ کسانوں کو بھی اس عمل میں شامل ہونے کی ترغیب دیں، کیونکہ جتنے زیادہ کسان رجسٹر ہوں گے، اتنی ہی زیادہ سہولتیں، امداد اور ترقی آپ کے علاقے کے حصے میں آئیں گی۔کسان گرین کارڈ آپ کی محنت کا اعتراف، آپ کی خوشحالی کی ضمانت ہے۔

