کوئٹہ (پریس ریلیز ) نیشنل پارٹی کے صوبائی سیکرٹری برائے انسانی حقوق انیل غوری، سابق صوبائی سیکرٹری یوتھ محمد نعیم بنگلزئی، صوبائی رہنما سید آغا زین شاہ گیلانی اور شہباز گل نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں نیشنل پارٹی کے سابق صوبائی صدر و ایم پی اے میر رحمت صالح بلوچ کے چھوٹے بھائی ولید صالح بلوچ کے نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
رہنماؤں نے کہا کہ یہ واقعہ نہ صرف ایک خاندان بلکہ پورے علاقے کے لیے صدمے کا باعث ہے۔ ایسے افسوسناک واقعات بلوچستان میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال کی نشاندہی کرتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری طور پر واقعے کے ذمہ داروں کو گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔
مشترکہ بیان میں مزید کہا گیا کہ نیشنل پارٹی اس دکھ کی گھڑی میں میر رحمت صالح بلوچ اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔ رہنماؤں نے مرحوم کے لیے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔

