نیشنل پارٹی رہنما حاجی فداحسین دشتی کی ولید صالح بلوچ کے قتل کی شدید مذمت

تربت( این این آئی) نیشنل پارٹی کے مرکزی فنانس سیکرٹری اور ضلع کونسل کیچ کے سابق چیئرمین حاجی فداحسین دشتی نے اپنے ایک مذمتی بیان میں نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق صوبائی وزیر میر رحمت صالح کے چھوٹے بھائی ولید صالح کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ افسوسناک واقعہ نہ صرف نیشنل پارٹی بلکہ پورے علاقے کے امن و سکون پر گہرا وار ہے، انہوں نے کہا کہ ایسے بزدلانہ اور وحشیانہ اقدامات سے معاشرے میں خوف و بے چینی کی فضا پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جو کسی صورت قبول نہیں کی جا سکتی، نیشنل پارٹی ہمیشہ سے عدم تشدد، جمہوریت اور عوامی حقوق کی علمبردار رہی ہے اور اس طرح کے ظالمانہ واقعات ہماری سیاسی اور سماجی جدوجہد کو کمزور نہیں کر سکتے،حاجی فداحسین دشتی نے کہا کہ حکومت بلوچستان اور متعلقہ ادارے اس واقعے میں ملوث مجرموں کو فوری گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت ترین سزا دیں تاکہ آئندہ کوئی بھی اس قسم کے ظالمانہ عمل کی جرات نہ کر سکے، انہوں نے شہید ولید صالح کے اہلِ خانہ سے گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل پارٹی دکھ کی اس گھڑی میں میر رحمت صالح اور ان کے خاندان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے، پارٹی کے تمام کارکنان اور رہنما اس سانحے پر سوگوار ہیں اور مرحوم کی مغفرت و بلند درجات کے لیے دعاگو ہیں، آخر میں حاجی فداحسین دشتی نے کہا کہ نیشنل پارٹی بلوچ قومی حقوق کے حصول اور جمہوری اقدار کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور ظلم و دہشت کے خلاف ہمیشہ ڈٹی رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں