پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا پاک افغان امن معاہدے کا خیر مقدم

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پاک افغان امن معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان ہمارا برادر اسلامی اور قریبی ہمسایہ ملک ہے، جس کے ساتھ ہمارے تعلقات مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتوں میں بندھے ہیں۔اپنے بیان میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تمام تحفظات کو باہمی اعتماد اور تعاون سے حل کیا جانا چاہیے۔ پی ٹی آئی کا ہمیشہ سے مؤقف رہا ہے کہ تعلقات مذاکرات کی بنیاد پر ہونے چاہئیں۔اسد قیصر نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور تجارت کے فروغ کے لیے مذاکرات ناگزیر ہیں۔ افغانستان وسطی ایشیائی منڈیوں تک رسائی کا واحد زمینی راستہ ہے، جس کے ذریعے پاک افغان تجارت سے ترقی و خوشحالی کے نئے دروازے کھل سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بہتر تعلقات پورے خطے میں پائیدار امن اور معاشی استحکام لا سکتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ امن معاہدے کے بعد اعتماد کی فضا مزید مضبوط ہوگی، سرحدیں تجارت کے لیے کھولی جائیں گی اور مثبت پیش رفت کا سلسلہ جاری رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں