بند کمروں میں کیے گئے فیصلے عوام پر مسلط کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، سہیل آفریدی

پشاور (این این آئی)خیبر پختونخوا کے نومنتخب وزیرِاعلیٰ سہیل آفریدی نے صوبے میں امن کے قیام کے لیے 25 اکتوبر کو ضلع خیبر میں امن جرگہ بلانے کا اعلان کردیا۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں کہا کہ امن کے قیام کیلئے قبائلی عمائدین، رہنماؤں اور نوجوانوں پر مشتمل ایک عظیم الشان امن جرگہ 25 اکتوبر 2025 بروز ہفتہ ضلع خیبر، تحصیل باڑہ میں منعقد کیا جائے گا اور یہ جرگہ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوگا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صوبے کے معاملات کے فیصلوں میں خیبر پختونخوا کے عوام کی خواہشات کو ترجیح دی جانی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا کے عوام خود اپنی زندگیوں اور اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے، کسی کو بھی بند کمروں میں کیے گئے فیصلے عوام پر مسلط کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت عمران خان کے نظریے اور عوام کے مفادات کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں