خواتین میں ووٹ کے حق سے متعلق آگاہی پیدا کرنا، اور ووٹر لسٹوں میں اْن کی شمولیت کو ممکن بنانا جمہوری استحکام کے لیے ناگزیر ہے،سید وسیم احمد جعفری

کوئٹہ (این این آئی) دفتر صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان، کوئٹہ میں دیہی خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے ایک پْروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کا مرکزی موضوع شمولیتی ووٹر اندراج اور خواتین کی انتخابی عمل میں فعال شمولیت تھا۔ تقریب میں جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان,سید وسیم احمد جعفری، ڈائریکٹر الیکشنز عبداللہ، ڈائریکٹر ایڈمن نعیم احمد، اور ڈپٹی ڈائریکٹر الیکشنز محترمہ عالیہ نذر، مختلف سول سوسائٹی تنظیموں، خواتین کی کمیونٹی آرگنائزیشنز اور مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والی خواتین نمائندگان نے شرکت کی۔ مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دیہی خواتین جمہوری عمل کو مضبوط بنانے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔ خواتین کے ووٹر کے طور پر اندراج کو یقینی بنانا اْن کے آئینی حق کے تحفظ اور معاشرتی ترقی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین میں ووٹ کے حق سے متعلق آگاہی پیدا کرنا، اور ووٹر لسٹوں میں اْن کی شمولیت کو ممکن بنانا جمہوری استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔اختتامی کلمات میں سید وسیم احمد جعفری، جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر، بلوچستان نے تمام شرکاء کی شرکت کو سراہا اور کہا کہ الیکشن کمیشن خواتین سمیت تمام طبقات کی شمولیت کے لیے پْرعزم ہے تاکہ ووٹر اندراج کا عمل شفاف، جامع اور قابلِ رسائی بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کی مساوی نمائندگی ہی حقیقی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں