کوئٹہ (این این آئی) نیشنل پارٹی کے کارکن رہنما عبدالرؤف بلوچ نے صوبائی اسمبلی کے رکن اور نیشنل پارٹی کے رہنما رحمت صالح کے بھائی ولید صالح کی المناک شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے، جس نے پورے علاقے کو غم و اندوہ میں مبتلا کر دیا ہے۔
عبدالرؤف بلوچ نے حکومتِ بلوچستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ شہید کے اہلِ خانہ کو انصاف مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی اپنے رہنماؤں اور کارکنوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور کسی بھی قیمت پر ظلم و ناانصافی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
آخر میں عبدالرؤف بلوچ نے شہید ولید صالح کے بلندیِ درجات، مغفرت اور اہلِ خانہ کے لیے صبر و حوصلے کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی، وہ ہماری جدوجہد اور عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

