ولید صالح بلوچ کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں، نیشنل پارٹی سندھ حاجی صالح محمد بلوچ کے خاندان کے ساتھ غم میں برابرشریک اور سوگوار ہے۔ تاج مری

کوئٹہ(این این آئی) نیشنل پارٹی سندھ کے صدر تاج مری نے نیشنل پارٹی کے بزرگ رہنماء حاجی صالح محمد بلوچ کے فرزند، نیشنل پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی رحمت صالح بلوچ اور ڈسٹرکٹ چیئرمین پنجگور عبدالمالک صالح بلوچ کے بھائی ولید صالح بلوچ کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں جمہوری سیاسی عمل کو کچلنے کےلیے پرامن سیاسی کارکنان، رہنماوں اور ان کے خاندانوں کے خلاف پرتشدد حربے استعمال کیے جارہے ہیں۔ حاجی صالح محمد بلوچ کے گھرانے نے ہمیشہ پرامن، جمہوری، رواداری پر مبنی قوم و عوام دوست سیاست اور خدمت کی ہے۔ ایسے بزدلانہ ہتھکنڈوں سے نیشنل پارٹی اور شہید ولید کے خاندان کو جمہوری سیاسی جدوجہد اور عوامی خدمت سے روکا نہیں جاسکتا ہے۔ بلوچستان پر مسلط کردہ فارم 47 کی حکومت حالات کی سنگینی کا ادراک اور اپنی بنیادی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے عوام کو تحفظ فراہم کرنے کی بجائے صرف دعووں تک محدود ہے۔ بلوچستان میں لاقانونیت، بدامنی اور عدم تحفظ میں روز بہ روز اضافہ ہورہا ہے۔ ولید صالح کی شہادت کے دلخراش واقعہ کی شفاف تحقیقات کرکے اس کے محرکات کو سامنے لایا جائے اور ملوث عناصر کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔ اس مشکل وقت میں نیشنل پارٹی سندھ حاجی صالح محمد بلوچ کے خاندان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے غم میں برابر شریک اور سوگوار ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں