اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت آزاد کشمیر سے متعلق عملدرآمد اور نگرانی کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا۔منگل کوجاری بیان کے مطابق اجلاس میں کمیٹی کے ارکان ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، چیف سیکرٹری اے جے کے خوشحال خان اور ایکشن کمیٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ سیکرٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان ظفر حسن بھی اجلاس میں موجود تھے۔اس موقع پروفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے بتایا کہ اجلاس میں ایکشن کمیٹی کے ساتھ ہونے والے معاہدے کا بغور جائزہ لیا گیا اور عملدرآمد کمیٹی نے متعلقہ محکموں کو معاہدے پر عملدرآمد کی ہدایت کی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ نگرانی و عملدرآمد کمیٹی کا اگلا اجلاس 15 نومبر تک مظفرآباد میں منعقد ہوگا۔وزیراعظم پاکستان آزاد کشمیر کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے خواہاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

