نیشنل پارٹی لورالائی کی ولید صالح بلوچ کی شہادت پر مذمت، حکومت کی نااہلی کو ذمہ دار قرار

لورالائی(میاں محمد عامر بشیر آرائیں ) نیشنل پارٹی کے مرکزی کونسل ممبر بلوچستان ضلع لورالائی کے آرگنائزر در محمد بلوچ، اکرم لانگو، عظیم بنگلزئی، اعظم جان مینگل، نذیر احمد سمالانی، میاں محمدعامربشیرآرائیں، میاں محمد طاہر بشیر آرائیں نے اپنے ایک مشترکہ تعزیتی بیان میں نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما صالح محمد بلوچ کے فرزند اور نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و ایم پی اے رحمت صالح بلوچ کے چھوٹے بھائی ولید صالح بلوچ کی شہادت پر گہرے دکھ، رنج اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بزدلانہ دہشت گردی کا واقعہ انتہائی قابلِ مذمت اور قومی سانحہ ہے۔ ایسے واقعات سے بلوچستان کے عوام اور سیاسی کارکنوں کے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے۔ نیشنل پارٹی ایک باشعور، جمہوری اور عوامی قوت ہے جو اپنے نظریے اور جدوجہد سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گی۔
نیشنل پارٹی لورالائی کے رہنماوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات اور امن و امان کی بگڑتی صورتحال صوبائی حکومت کی نااہلی اور مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے۔ روزانہ بے گناہ سیاسی کارکن، تاجر، اور عام شہری دہشت گردوں کے نشانے پر ہیں، جبکہ حکومت صرف بیانات تک محدود ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دانستہ طور پر انارکی، برادری کشی اور انتشار کو فروغ دیا جارہا ہے، تاکہ سیاسی قوتوں کو کمزور کیا جائے۔ مگر نیشنل پارٹی کے رہنما اور کارکن ہر حال میں اپنی جمہوری و سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
انہوں نے شہید ولید صالح بلوچ کے والد صالح محمد بلوچ اور بھائی رحمت صالح بلوچ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائے، خاندان کو صبرِ جمیل اور حوصلہ عطا فرمائے۔ نیشنل پارٹی لورالائی اس دکھ کی گھڑی میں شہید کے خاندان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں