اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ پاکستان نے معاشی محاذ پر اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، جن میں معاشی استحکام، زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری، افراطِ زر میں کمی اور پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی شامل ہیں۔چینی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ مہنگائی کی شرح اب سنگل ڈیجٹ میں آچکی، موجودہ زرمبادلہ ذخائر ڈھائی ماہ کی درآمدات کے لیے کافی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان معاشی کامیابیوں کو عالمی سطح پر بھی سراہا گیا ہے اور تین بڑی بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں، فچ، ایس اینڈ پی اور موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کی ہے۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ مالی سال میں ملک کی جی ڈی پی میں 3 فیصد اضافہ ہوا، رواں سال 4 فیصد سے زائد کی ترقی کا ہدف تھا تاہم حالیہ سیلاب کے باعث اس میں کچھ کمی کا امکان ہے۔وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ سیلاب سے کچھ ترقی متاثر ہو سکتی ہے، پر امید ہیں کہ رواں مالی سال 3.5 فیصد شرح نمو حاصل کرلیں گے۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، حال ہی میں بیجنگ میں 24 مشترکہ منصوبوں پر معاہدے ہوئے، سرمایہ کاری کے نئے مواقع بھی زیر غور ہیں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ پرامید ہیں کہ رواں مالی سال 3.5 فیصد شرح نمو حاصل کرلیں گے، سی پیک کے دوسرے مرحلے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

