کوہٹہ(این این آئی) ایڈوکیٹ نیشنل پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل واحد رحیم ،مرکزی سیکرٹری قانون ایڈوکیٹ نادر ایڈوکیٹ چھلگری ،بلوچستان وحدت کے جنرل سیکرٹری چنگیز حئی بلوچ نے پنجگور میں بزدلانہ حملے میں ولید صالح بلوچ کی شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ یہ واقعہ نہ صرف انسانیت کے خلاف ہے بلکہ بلوچستان میں سیاسی و سماجی استحکام کو سبوتاژ کرنے کی دانستہ کوشش ہے۔ ایسے بیہودہ اور وحشیانہ اقدامات کسی صورت قبول نہیں کیے جائیں گے اور ان سے سیاسی و جمہوری جدوجہد پر اثر نہیں پڑے گا۔
واحد رحیم نے کہا کہ شہید ولید صالح بلوچ کا خاندان خاص کر والد بزرگ رہنما حاجی صالح محمد بلوچ اور ان کے بڑے بھائی ڈپٹی پارلیمانی لیڈر بلوچستان اسمبلی رحمت صالح بلوچ کے طویل عرصے سے علاقائی و قومی جمہوری سیاست میں اپنی خدمات اور قابلِ قدر شراکت کے باعث معروف ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ پارٹی اصول، دستور اور پرامن سیاسی عمل کی پاسداری کی ہے اور نیشنل پارٹی پوری طرح اس خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔
پارٹی نے اس واقعے کو معاشرتی آداب، رواداری اور بھائی چارے کے خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ شرپسند عناصر کی کھلی دہشت گردانہ کارروائیاں اور حکومتی نااہلی نے حالات کو خطرناک حد تک کشیدہ اور قیامت خیز بنا دیا ہے۔ ریاستی اداروں کی ناکامی کے باعث عام شہری، سیاسی کارکن اور تاجر بے یقینی و عدم تحفظ کا شکار ، اور اس کا خمیازہ پورا سماج بھگت رہا ہے۔ قاتل گروہ اور ان کے سہولت کار جو دہشت و خوف پھیلا کر کسی سیاسی قوت کو ختم کرنے کی کوشش کرتے ہیں، تاریخ اور عوامی شعور کے سامنے ناکام رہیں گے۔
پارٹی اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور اس المناک واقعے کے ذمہ دار عناصر کو بے نقاب کرنے اور انصاف کے تقاضے پورے کرانے کے لیے سیاسی، قانونی اور عوامی سطح پر ہر ممکن اقدام کے لیے اپنے کارکنان کے ہمراہ مکمل طور پر تیار ہے۔ نیشنل پارٹی کسی بھی ساتھی کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر سطح پر انصاف کے حصول تک موقف میں ثابت قدم رہے گی۔
نیشنل پارٹی ایک پرامن، ترقی یافتہ اور خوشحال بلوچستان کی متمنی ہے جہاں ہر شخص کی جان و مال کا تحفظ یقینی ہو، برداشت، رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دیا جائے، انفرادی تشخص اور اجتماعی اقدار و روایات کی ہر صورت پاسداری کو اولین ترجیح دی جائے۔ یہی مقاصد ہماری سیاسی جدوجہد کی بنیاد ہیں اور انہی کے لیے ہم پرامن و قانونی راستوں سے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

