پنجگور (این این آئی) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما حاجی صالح محمد بلوچ کے صاحبزادے، نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و رکن صوبائی اسمبلی میر رحمت صالح بلوچ اور ڈسٹرکٹ چیئرمین پنجگور عبدالمالک صالح بلوچ کے چھوٹے بھائی شہید ولید صالح بلوچ کی وفات پر تیسرے روز بھی تعزیت کا سلسلہ جاری رہا۔پنجگور اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے سیاسی، سماجی، مذہبی و قبائلی رہنما، معززین، عمائدین، ڈاکٹرز، وکلاء اور مختلف مکاتب فکر سے وابستہ افراد نے میر رحمت صالح بلوچ اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔مختلف علاقوں سے نیشنل پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنان نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی اور مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی۔ شرکاء نے لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے مرحوم کی خدمات اور کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک بااخلاق، مخلص اور سماجی خدمت کے جذبے سے سرشار نوجوان تھے جن کی کمی مدتوں محسوس کی جائے گی۔
تمام شرکاء نے میر رحمت صالح بلوچ اور اہل خانہ سے گہری ہمدردی اور رنج و غم کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جوار رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

