کم آمدن والے خاندانوں کو بلاسود،آسان قرضہ فراہم کرنے کی کوشش ایک نئی تاریخ رقم کر چکی‘مریم نواز

لاہور (این این آئی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ کے تحت کم آمدن والے ایک لاکھ خاندانوں کو بلاسود اور آسان قرض کا ٹارگٹ مکمل ہو گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ کے تحت ایک لاکھ گھروں کا ہدف کامیابی سے پورا کرنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے اس کامیابی کو ملک کے غریب خاندانوں کیلئے ایک سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ کم آمدن والے خاندانوں کو بلاسود اور آسان قرضہ فراہم کرنے کی یہ کوشش ایک نئی تاریخ رقم کر چکی ہے۔مریم نواز شریف کے مطابق اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ کے تحت 10ماہ کے اندر 100,835خاندانوں کو 120ارب روپے کے قرضے جاری کئے گئے ہیں جن میں سے 22,305گھروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے اور 64,190گھر تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہیں۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ اس پراجیکٹ نے نہ صرف ہاسنگ کے شعبے میں انقلاب برپا کیا ہے بلکہ غریب طبقے کو اپنی چھت کا خواب بھی پورا کیا ہے، انہوں نے پراجیکٹ کی ٹیم کو اس شاندار کامیابی پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ 10ماہ میں ایک سال کا ہدف پورا کرنا ایک قابل تقلید مثال ہے جو دکھاتا ہے کہ ہم اپنے عوام کی خدمت میں کس قدر سنجیدہ ہیں۔مریم نواز شریف نے کہا کہ غریب آدمی کو چھت ملنے کے خواب کا پورا ہونا اللہ تعالی کا بڑا کرم ہے اور اس پر جتنا شکر ادا کیا جائے، کم ہے، انہوں نے نواز شریف کی اس کاوش کو سراہا جنہوں نے ہمیشہ غریب عوام کیلئے اپنے دل میں جگہ رکھی اور اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کی توفیق ہمیں دی۔وزیراعلی نے اس بات کا عزم بھی ظاہر کیا کہ حکومت اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ کے تحت پانچ سالوں میں پانچ لاکھ گھروں کا ہدف پورا کرنے کیلئے پرعزم ہے، پہلی مرتبہ عام آدمی کو یہ احساس ہوا ہے کہ ریاست ماں کے جیسی ہے جو اپنے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ہمہ وقت کوشاں رہتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں