کوئٹہ+اسلام آباد (این این آئی)چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ICCI) کے نو منتخب صدر سردار طاہر محمود کے اعزاز میں منعقدہ ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ کاروباری طبقہ کسی بھی ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ پاکستان کی معاشی مضبوطی، سرمایہ کاری کے فروغ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں تاجر برادری کا کردار قابلِ تحسین ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے نومنتخب صدر سردار طاہر محمود، سینئر نائب صدر طاہر ایوب، نائب صدر عرفان چوہدری اور ان کی پوری ٹیم کو دلی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کی کاروباری برادری نے ہمیشہ دارالحکومت میں تجارت، صنعت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ICCI کی نئی قیادت اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے مزید فعال، مؤثر اور متحرک کردار ادا کرے گی۔سیدال خان نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر نہ صرف کاروباری طبقے کی مضبوط آواز ہے بلکہ یہ ادارہ ملک کے معاشی وڑن اور پالیسی سمت طے کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ICCI نے ہمیشہ تعمیری مکالمے، پالیسی تجاویز اور اصلاحی اقدامات کے فروغ کے ذریعے معیشت کے استحکام میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ دور میں ریاست اور نجی شعبہ حقیقی شراکت دار کے طور پر کام کر رہے ہیں، اور اس ضمن میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) کا کردار نہایت اہم ہے۔ ان کے بقول ایسے ادارے حکومت اور کاروباری طبقے کے درمیان پالیسی سازی اور اس کے عملی نفاذ کے لیے ایک مضبوط پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بطور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ وہ اس بات کی یقین دہانی کراتے ہیں کہ پارلیمنٹ ہمیشہ تاجر برادری کے ساتھ کھڑی ہے۔ قانون سازی کے عمل میں صنعت کاروں اور تاجروں کی تجاویز کو خصوصی اہمیت دی جاتی ہے تاکہ ایسے قوانین تشکیل دیے جا سکیں جو کاروباری ماحول کو سازگار بنائیں، سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھائیں، اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ اسلام آباد کی کاروباری برادری نے ہمیشہ ملکی معیشت کے استحکام میں قائدانہ کردار ادا کیا ہے، اور امید ظاہر کی کہ نومنتخب قیادت اس تسلسل کو مزید آگے بڑھائے گی تاکہ پاکستان کی معاشی ترقی کا سفر مزید تیز اور مستحکم ہو۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان قدرتی وسائل اور معدنیات سے مالا مال ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ مربوط حکمت عملی اور باہمی تعاون کے ذریعے اس خطے میں تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے مزید مواقع پیدا کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد چیمبر اور بلوچستان کے مختلف چیمبرز کے درمیان اشتراکِ عمل سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ، صنعت و تجارت کو وسعت، اور روزگار کے وسیع مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے سردار طاہر محمود، طاہر ایوب، عرفان چوہدری اور ان کی پوری ٹیم کو ایک بار پھر نیک تمناؤں کے ساتھ مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں مزید کامیابیاں عطا فرمائے تاکہ وہ پاکستان کی معاشی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے سفر کو مزید تیز اور مؤثر بنا سکیں۔آخر میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ترقی، استحکام اور خوشحالی عطا فرمائے۔ پاکستان زندہ باد۔

