بلوچستان دل کے قریب،مثبت چہرہ دنیا کے سامنے لانا ہے،وجیہہ قمر

کوئٹہ(این این آئی)وفاقی وزیرِ مملکت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے کوئٹہ میں نیو ٹیک کے زیرِ اہتمام جاری سائبر سیکیورٹی اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کورسز کے مرکز انوسٹا ڈی ایچ اے کوئٹہ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر انوسٹا کرنل ر عمران توقیر نے کورسز کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مملکت وجہیہ قمر نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں اور وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف بلوچستان کے نوجوانوں کو مین سٹریم میں لانے اور انکے لئے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے موجودہ وقت کے تقاضوں کے مطابق کورسز کرارہے ہیں تاکہ صوبہ بلوچستان کے باصلاحیت طلبا و طالبات پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکے۔ وفاقی وزیر مملکت وجہیہ قمر نے کہا کہ صوبہ بلوچستان ہمارے دل کے قریب ہے اور ہمیں اس کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے لانا ہے اور فتنہ الہندوستان کا ہمسب نے ملکر مقابلہ کرنا ہے تاکہ اسکے مکروہ عزائم کو مکمل طور پر ناکام بنایا جاسکے۔ وفاقی وزیرِ مملکت وجہیہ قمر نے نیو ٹیک انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور بلوچستان میں مزید ٹیکنیکل ایجوکیشن سینٹرز کے قیام کی یقین دہانی کرائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں