چاغی پْرامن علاقہ،امن و امان خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائیگی،ایس پی چاغی

دالبندین(این این آئی)ایس پی چاغی محمد شریف نے کہا کہ ضلع چاغی ایک پْرامن علاقہ ہے اور ضلع کے امن و امان کو خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ امن و امان کی بہتری کے لیے پولیس گشت میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر سنیپ چیکنگ کے دوران میں خود موجود رہتا ہوں۔ایس پی چاغی محمد شریف نے دالبندین پریس کلب کے صدر فاروق سیاہ پاد رند سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ منشیات کے اڈوں کا خاتمہ، اسٹریٹ کرائمز کا سدباب، اور عوام و تاجروں کا تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ پولیس فورس ضلع بھر میں امن کے قیام کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ دس دنوں سے میں نے پولیس کو اسٹریٹ کرائمز کے خلاف الرٹ کر رکھا ہے۔ متعدد مفرور ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ اسی دوران 36 کلو اور 8 کلو منشیات برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔چوری کی وارداتوں میں ملوث افراد کے خلاف بھی اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں جاری ہیں، اور کسی بھی مجرم کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔انہوں نے گفتگو میں مزید بتایا کہ مجھے چارج سنبھالے ابھی دو سے تین ہفتے ہوئے ہیں، ان شاء اللہ آنے والے دنوں میں عوام مزید بہتری محسوس کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ منشیات کے خلاف جنگ میں قبائلی عمائدین اور شہریوں کو پولیس فورس کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا تاکہ اس ناسور کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے۔ منشیات فروشی پر کسی صورت رعایت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ جائز کاموں کے لیے میرا دروازہ سب کے لیے کھلا ہے۔ میری کوشش ہے کہ عوام براہِ راست مجھ سے رابطہ کریں تاکہ انہیں کسی سفارش کی ضرورت نہ پڑے۔ میں چاہتا ہوں کہ ہر شہری کا جائز مسئلہ حل ہو۔ایس پی محمد شریف نے آخر میں کہا کہ ان شاء اللہ ضلع میں جرائم کے خاتمے کے لیے میں خود سیسہ پلائی دیوار بن کر سامنے کھڑا رہوں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں