ضلعی انتظامیہ، لیویز، پولیس اور ایف سی فورس مکمل الرٹ رہیں، تاکہ غیر قانونی سرگرمیوں کو روکا جا سکے،ڈپٹی کمشنر لورالائی

لورالائی(این این آئی)ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ کی زیر صدارت امن و امان، منشیات کی روک تھام اور افغان مہاجرین کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسسٹنٹ کمشنرز بوری و میختر، ڈی ایس پی عبدالکریم کری مندوخیل اور لیویز تھانوں کے انچارج افسران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہر سمیت تمام تحصیلوں میں اسنیپ چیکنگ کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے اہم شاہراہوں، داخلی و خارجی راستوں اور حساس مقامات پر مشکوک گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور افراد کی کڑی جانچ پڑتال ہو گی۔انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی مقیم افراد، جرائم پیشہ عناصر اور افغان مہاجرین کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور یہ اقدامات امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے ناگزیر ہیں۔ڈپٹی کمشنر میران بلوچ نے ہدایت دی کہ ضلعی انتظامیہ، لیویز، پولیس اور ایف سی فورس مکمل الرٹ رہیں، تاکہ غیر قانونی سرگرمیوں کو روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اسنیپ چیکنگ ایک سخت پیغام ہے کہ ضلع میں کسی بھی غیر قانونی عنا صر کے لیے کوئی جگہ نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں