جنگلات کی کٹائی میں جو کوئی بھی ملوث پایا گیا اس کے خلاف قانونی کارروائی کریں،ڈپٹی کمشنر

زیارت(این این آئی)ڈپٹی کمشنر زیارت محمد ریاض خان داوڑ نے آج کلی سنڈیمن تنگی، کلی چوترہ اور کلی بانو باغ کا دورہ کیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے کلی سنڈیمن تنگی کے صحت افزا مقام پر پائپ لائن، پل اور اسٹون پیچنگ کو خستہ حال حالت میں پایا۔ڈپٹی کمشنرمحمد ریاض خان داوڑ نے اس موقع پر کہا کہ عوامی فلاح کے منصوبے حکومت کے ساتھ ساتھ اہلیانِ علاقہ کی مشترکہ ذمہ داری ہوتے ہیں۔ گاؤں کے لوگ اپنے علاقے کی سرکاری اسکیموں کا تحفظ اور خیال رکھیں تاکہ ترقیاتی کام دیرپا ثابت ہوں۔مزید برآں، ڈپٹی کمشنر نے کلی بانو باغ کے علاقے میں جنگلات کی بے دریغ کٹائی اور محکمہ کی لاپرواہی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات کی اس طرح بے دریغ کٹائی سے اہلیانِ علاقہ کا ہی نقصان ہے۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر محکمہ جنگلات کی کاکردگی پر بہت افسوس کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محکمہ جنگلات کو اس سلسلے میں سخت تنبیہ کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہاجس نے بھی جنگلات کی کٹائی کی ہے یا اسمیں ملوث پایا گیا ہے اس کے خلاف ایف۔ آئی۔آر درج کرکے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ وہاں پر موجود لیویز اہلکاروں کو بھی یہ ہدایت کی گئی کہ پورے علاقے میں گھومے پھرے جہاں پر جنگلات کی کٹائی میں جو کوئی بھی ملوث پایا گیا اس کے خلاف قانونی کارروائی کریں اور اس کے خلاف ایف آئی آر درج کیا جائے اور اس کو قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دلوائی جائے۔زیارت کی خوبصورتی اسی صنوبر کے جنگلات سے وابستہ ہیں۔ یہی جنگلات ہیں جس کی وجہ سے باران رحمت برستی ہیں۔ عوام کی بھی زمہ داری بنتی ہے کہ اپنے علاقے کا خود بھی خیال رکھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں