لسبیلہ(رپورٹ بیوروچیف حفیظ دانش) ڈپٹی کمشنر لسبیلہ محترمہ حمیرہ بلوچ کی زیر صدارت لسبیلہ یونیورسٹی میں ہونے والے “لس فیسٹیول” کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع کے مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیسٹیول کے انتظامات، صفائی ستھرائی، ٹریفک اور دیگر اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر محترمہ حمیرہ بلوچ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “لس فیسٹیول” لسبیلہ کی ثقافت، روایات اور مقامی ہنر کو اجاگر کرنے کا بہترین موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیسٹیول میں عوام، طلبا، خواتین، فنکاروں اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بھرپور شرکت متوقع ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ انتظامات کو حتمی شکل دی جائے اور تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ یہ فیسٹیول کامیاب، محفوظ اور یادگار ثابت ہو۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سراج احمد بلوچ سمیت دیگر افسران بھی شریک تھے جنہوں نے اپنی اپنی ذمہ داریوں سے متعلق بریفنگ دی۔

