کوئٹہ(این این آئی)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق نے کہا ہے کہ اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں بے تہاشا اضافہ نے غریب عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے آٹا، چینی، سبزی اور دیگر بنیادی ضرورتوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں مگر انتظامیہ کہیں دکھائی نہیں دیتی۔ منافع خور مافیا نے شہر کے بازاروں کو لوٹ مار کا اڈہ بنا دیا ہے حکومت کی کمزور گرفت نے ان کے حوصلے مزید بلند کر دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور ضلعی انتظامیہ کا فرض ہے کہ وہ عوام کو ریلیف دے، مگر بدقسمتی سے غریب کی آہ اور فریاد سننے والا کوئی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی کے طوفان میں ڈوب رہے ہیں جبکہ حکومتی ادارے خوابِ غفلت میں ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ فوری طور پر قیمتوں کی نگرانی کے لیے اقدامات کرکے گراں فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرکے عوام کو ریلیف فراہم کرے۔

