کوئٹہ(این این آئی)کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے زیر اہتمام صارفین کی شکایات کے بروقت ازالہ کیلئے چیف ایگزیکٹو آفیسر کیسکو انجینئریوسف شاہ خان کی زیر نگرانی آن لائن کچہری کاانعقادکیاگیا۔جس میں کیسکوکے چیف انجینئر (کسٹمرسروسز)مرزااعزازبیگ، فنانس ڈائریکٹر محسن احسان سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔آن لائن کچہری میں کوئٹہ شہرسمیت صوبہ کے تمام آپریشن سرکلز کے مختلف علاقوں کے صارفین نے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکو کو اپنے متعلقہ علاقوں کی بجلی سے متعلق مسائل اور شکایات سے آگاہ کیا۔جس کے ازالے کیلئے انھوں نے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو احکامات جاری کئے۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکو انجینئریوسف شاہ خان نے آن لائن کچہری میں صارفین سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کیسکوکے زیر انتظام تمام علاقوں کے صارفین کی شکایات کابروقت ازالہ ہماری اولین ترجیح ہے جس کیلئے کیسکو تمام آپریشن سرکلز میں آن لائن کچہری کااانعقاد کررہی ہے اوراس کا سب سے زیادہ فائدہ صارف کوہی حاصل ہوتاہے کیونکہ اس اقدام سے صارف کا مسئلہ کم سے کم وقت میں حل کیاجاتاہے۔اسکے علاوہ انہوں نے فون پر رابطہ کرنے والے تمام صارفین سے گزارش کی کہ وہ اپنے ذمہ بجلی کے بل بروقت جمع کرائیں اور بجلی کے غیرقانونی استعمال کرنے والے بجلی چوروں کی نشاندہی کرنے میں بھی کیسکوسے تعاون کریں تاکہ اُنکے بجلی کی فراہمی کے اوقات کار کو بڑھایاجاسکے۔

