ڈیرہ بگٹی (این این آئی) بھارت کے زیرِ قبضہ کشمیر میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف ڈیرہ بگٹی میں یومِ سیاہ کے موقع پر احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ریلی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ بگٹی میر حسنین ابڑو نے کی، جبکہ قبائلی و سیاسی عمائدین سمیت سینکڑوں شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔ریلی ڈپٹی کمشنر آفس سے برآمد ہو کر پاکستان چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔شرکائے ریلی نے بھارتی ریاستی دہشت گردی اور عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔فضا میں“کشمیر بنے گا پاکستان”اور“پاکستان زندہ باد”کے نعرے گونجتے رہے۔شرکاء نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، اور پاکستان کی عوام ہر حال میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

