کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور رکن بلوچستان اسمبلی حاجی علی مدد جتک نے ضلع کچھی کے علاقے بھاگ میں دہشتگردوں کے خلاف پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بروقت، جرات مندانہ اور کامیاب کارروائی پر انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہید ایس ایچ او لطف علی کھوسہ کی بہادری، فرض شناسی اور قربانی کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ان کی شہادت اس بات کا ثبوت ہے کہ بلوچستان پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے جوان امن و امان کے قیام کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کرتے۔حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اپنی قربانیوں سے صوبے میں امن و استحکام کو ممکن بنایا، ان کے یہ کارنامے تاریخ میں سنہری حروف سے لکھے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے بہادر جوان دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے میں ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں شہداء کی قربانیاں قوم کا فخر ہیں، ہم ان کے لواحقین کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔حاجی علی مدد جتک نے کیا کہ شہداء کے خاندانوں کی مکمل سرپرستی کی جائیگی تاکہ ان کی قربانیوں کا حق ادا ہو سکے۔

