کوئٹہ(این این آئی)گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہم تمام کیڈٹ کالجوں اور دیگر تعلیمی اداروں کے درمیان مواقعوں اور سہولیات کے حوالے سے پایا جانے فرق کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ اس مقصد کو حاصل کرنے کیلئے ہم سرتوڑ کوششیں کر رہے ہیں کہ کیڈٹ کالجوں کے اساتذہ اور طلبہ کو صوبے بھر کی یونیورسٹیوں اور کالجوں کیطرح پروموشن، اسکالرشپ، لیپ ٹاپ اور دیگر تعلیمی سہولیات بھی حاصل ہوں۔ ہم بلوچستان کے تمام کیڈٹ کالجوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے ٹھوس اور ترقی پسند اقدامات کر رہے ہیں، انہیں عصری انفراسٹرکچر، وسائل اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کر رہے ہیں تاکہ جامع ترقی کو فروغ دیا جا سکے اور طلباء کو مسابقتی برتری فراہم کی جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیڈٹ کالج قلعہ سیف اللہ کے طلباء کو گورنر ہاوس کے دورے کے موقع پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا. اس موقع پر کیڈٹ کالج قلعہ سیف اللہ کے کمانڈنٹ بریگیڈیئر شیراز لطیف خان بھی موجود تھے کیڈٹ کالج قلعہ سیف اللہ کے کیڈٹس کے ساتھ کرتے ہوئے کہا کہ گورنر ہاؤس کوئٹہ جیسے تاریخی مقام کی سیر کے فوائد جو کہ برطانوی دور کی قدیم ترین عمارتوں میں سے ایک ہے. اپنے روشن مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے طلباء کیلئے ڈسپلن اور محنت کے جذبے کو اپنانا ہوگا. گورنر مندوخیل نے کہا کہ نوجوان ہمارے مستقبل کا سرمایہ ہیں. عوام کی خدمت کرنے اور سماج میں اپنے حصے کا کردار کرنا ضروری ہے. آپ بہت خوش قسمت ہیں کہ آپ کیڈٹ کالج جیسے موقر تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ آپ اپنے تجربہ کار اور شفیق اساتذہ کے علم و تجربہ سے بھرپور استفادہ کریں. تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنے آپ میں قائدانہ صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنا لازمی ہے. کالج کے کمانڈنٹ بریگیڈیئر شیراز لطیف خان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اپ معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ طلباء کے اخلاق اور کردار بنانے پر بھی توجہ دیے رہے ہیں جن کے بہت جلد مثبت نتائج برآمد ہونگے. یہ حقیقت ہے کہ ٹیم ورک اور باہمی تعاون لازمی ہے. مشترکہ مقاصد کیلئے مل کر کام کرنے سے ہم زندگی کے نشیب و فراز میں چیلنجوں پر بآسانی قابو پا سکتے ہیں. ایک سوال کے جواب میں گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ نصاب کو انسانی ضروریات اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا بہت لازمی ہے اور ہماری کوشش ہوگی کہ تمام کیڈٹس کو جدید سائنسی علوم اور سائنسی ایجادات سے روشناس کرائیں. یہ بات خوش آئند ہے کہ کیڈٹ کالج قلعہ سیف اللہ کے اسٹوڈنٹس کو تعلیم اور دیگر ہم نصابی سرگرمیوں میں توازن پیدا کرنے کیلئے ٹائم مینجمنٹ کی پاسداری کر رہے ہیں. قبل ازیں کیڈٹ کالج کے طلباء نے گورنر ہاوس کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔

