کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرنگ اینڈ منیجمنٹ سائنسز میں ترکی کے یومِ آزادی کے موقع پر پُروقار تقریب منعقد ہوئی، تقریب کا آغاز ترک پرچم کشائی سے کیا گیا۔ تقریب میں پاک ترک انٹرنیشنل سکول کے اساتذہ طلباء اور نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی۔ وائس چانسلر بیوٹمز پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات انتہائی مضبوط اور دہائیوں پر محیط ہیں۔وقت کے ساتھ ساتھ برادر اسلامی ممالک پاکستان اور ترکیہ تعلقات اور مشترکہ مفادات کے تمام شعبوں تعاون مضبوط وسعت پا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تاریخی و علمی ہم آہنگی مذہبی و ثقافتی روابط اور مختلف شعبوں میں تعاون ہمارے بھائی چارے کی عظیم مثال ہے۔ ڈاکٹر خالد حفیظ نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان علمی و تحقیقی سرگرمیوں اور شراکتی منصوبوں پر کام کرنے کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ تقریب میں پاک ترک ماروف انٹرنیشنل سکول کے ڈائریکٹر ادریس کارالسان، پرو وائس چانسلر بیوٹمز ڈاکٹر میر وائس کاسی، مختلف شعبہ جات کے ڈینز، ڈائریکٹرز، اور اساتذہ نے شرکت کی۔ پاک ترک ماروف انٹرنیشنل سکول کے طلباء نے طلبہ ثقافتی رنگوں کے ذریعے پاک ترک لازوال دوستی کو خراجِ تحسین پیش کی۔

