سیکیورٹی فورسز نے عزمِ استحکام کے وژن کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے اپنی عملی وابستگی کا مظاہرہ کیا، وزیر اعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ(این این آئی) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے چلتن اور بلیدہ ضلع کیچ میں بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے فورسز کی بہادری، عزم اور پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا ہے انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے عزمِ استحکام کے وژن کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی عملی وابستگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ یہ کارروائیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ ریاست کے ادارے بلوچستان کے امن اور قومی استحکام کے تحفظ کے لیے پوری طرح متحرک اور متحد ہیں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں امن دشمنوں کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے بھارتی سرپرستی میں چلنے والے دہشت گرد نیٹ ورکس کا خاتمہ اور صوبے میں دیرپا امن و ترقی کی بحالی حکومتِ بلوچستان کی اولین ترجیح ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اور عزمِ استحکام کے جذبے کے ساتھ ملک و قوم کے تحفظ، امن کے فروغ اور عوام کے اعتماد کی بحالی کے لیے مسلسل اقدامات جاری رہیں گیوزیر اعلیٰ نے سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے ہیروز کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور بلوچستان کی سرزمین سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہماری مشترکہ کامیابی ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں