کوئٹہ+اسلام آباد(این این آئی)قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ اور کیچ میں سیکیورٹی فورسز کی حالیہ کامیاب کارروائیوں پر گہری مسرت اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے، بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد گروہ “فتنہ الہندوستان” کے اٹھارہ دہشت گردوں کے انجام کو پاکستان کی امن و سلامتی کے لیے بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ چیلتن پہاڑ (ضلع کوئٹہ) اور بلیدہ (ضلع کیچ) میں کی جانے والی کارروائیاں سیکیورٹی فورسز کے عزم، بہادری اور غیر متزلزل قومی جذبے کا واضح ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے برآمد ہونے والا اسلحہ اور بارودی مواد اس بات کا بین ثبوت ہے کہ بھارت پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہے، تاہم ہماری فورسز ہر سطح پر دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے تیار اور پرعزم ہیں۔سیدال خان نے مزید کہا کہ یہ کارروائیاں“عزمِ استحکام”کے وژن کے تحت جاری انسدادِ دہشت گردی مہم کی بھرپور کامیابی کو ظاہر کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جس پیشہ ورانہ صلاحیت اور قربانی کے جذبے سے اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں، وہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں پاکستان کے محفوظ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اور مسلح افواج ایک ہی مقصد کے لیے متحد ہیں — دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سرزمین پر کسی بھی غیر ملکی یا بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد نیٹ ورک کو پنپنے نہیں دیا جائے گا، اور دشمن کی ہر سازش کو یکجہتی، ایمان اور عزم کے ساتھ ناکام بنایا جائے گا۔

