کوئٹہ(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئر رہنما چوہدری نعیم کریم نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) سیاست کا مقصدعوام کی بلارنگ و نسل خدمت ہے مسلم لیگ(ن) عوام سے کئے گئے تمام وعدے انشاء اللہ پورے کریگی،مسلم لیگ(ن) کے کارکن بلوچستان میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں کریں پارٹی انتخابات میں بھر پور حصہ لیکرکامیابی حاصل کریگی۔یہ بات انہوں نے مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے رابطہ آفس میں پارٹی کے کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے پارٹی کی وفاقی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے اور ملک کو ترقی وخوشحالی کی راہ پرگامزن کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت کے بروقت فیصلوں کی وجہ سے ملک ایک مرتبہ پھر ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے لیکن کچھ عناصر ملک کو غیر مستحکم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں جو اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) بلوچستان میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی پارٹی کے کارکن بلدیاتی انتخابات کی بھر پور تیاریاں کریں انشاء اللہ کامیابی پارٹی کے قدم چومے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے عام انتخابات کے دوران جو وعدے کئے تھے وہ انشاء اللہ ہر صورت میں پورے کریگی۔

