کوئٹہ (این این آئی)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس نے کہا ہے کہ کوئٹہ بھر میں گیس کی طویل لوڈشیڈنگ اور بجلی کے بھاری بھرکم بلوں کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سردیوں کے آغاز سے پہلے ہی عوام کو گیس سے محروم کرنا اور بجلی کے ناقابلِ برداشت بل بھیجنا ظلم کی بدترین مثال ہے، عوام پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی دباؤ میں پس چکے ہیں، ایسے حالات میں بنیادی ضروریاتِ زندگی سے محروم کرنا حکومتی نااہلی اور بے حسی کو ظاہر کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ گیس کمپنی اور واپڈا حکام کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ اگر کوئٹہ کے عوام کو فوری طور پر گیس کی فراہمی یقینی نہ بنائی گئی اور بجلی کے غیر منصفانہ بل واپس نہ لیے گئے تو جمعیت علماء اسلام عوامی احتجاج کا راستہ اختیار کرے گی۔رہنماؤں نے کہا کہ بلوچستان کو اس کے وسائل کے باوجود محرومیوں میں دھکیلنا کسی طور قابلِ قبول نہیں۔

