قلعہ عبداللہ(این این آئی)قلعہ عبداللہ ڈائریکٹوریٹ آف ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ اینٹی نارکوٹکس (نارتھ زون) کوئٹہ کے زیرِ اہتمام چلائی گئی ”Cannabis Elimination Campaign-2025” کے تحت قلعہ عبداللہ کے مختلف علاقوں میں منشیات کی غیر قانونی کاشت کے خلاف آپریشن کیا گیا۔ اس کارروائی میں مجموعی طور پر تقریباً 40 ایکڑ رقبے پر مشتمل چرس، بھنگ اور افیون کی کاشت کو موقع پر تلف کیا گیا۔ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نارتھ زون کوئٹہ نصیراللہ خان مندوخیل کی ہدایت پر یہ مہم 1 نومبر 2025ء سے شروع کی گئی۔آپریشن کے دوران مقامی انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کے تعاون سے نشاندہی شدہ رقبوں پر موجود منشیاتی پودوں کو جلا کر تلف کیا گیا، جبکہ علاقے کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔ڈائریکٹر ایکسائز نصیراللہ مندوخیل نے کہا کہ اے این ایف، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ایکسائز منشیات کی غیر قانونی کاشت اور اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ صوبے کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے ان اداروں کے درمیان مربوط حکمتِ عملی کے ساتھ کارروائیاں مستقل بنیادوں پر جاری رہیں گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مہم شیڈول اور ضوابط کے مطابق موثر انداز میں جاری رہے گی تاکہ بلوچستان میں منشیات کی لعنت کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔

