عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے،میر علی حسن زہری

حب (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما، ترجمان صدر آصف علی زرداری و صوبائی وزیر زراعت میر علی حسن زہری کی زیر صدارت حب میں ترقیاتی منصوبوں اور ماسٹر پلان پر پیش رفت کے حوالے سے زہری فارم ہاؤس میں لائن ڈیپارٹمنٹ کے افسران کے ساتھ اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر حب نثار احمد لانگو، ایس ایس پی حب سید فاضل بخاری، چیئرمین میونسپل کارپوریشن بابو فیض شیخ، وائس چیئرمین میونسپل کارپوریشن عظیم سیاں، ڈسٹرکٹ چیئرمین جاوید جمالی و دیگر ضلعی انتظامیہ کے افسران، ترقیاتی اداروں، انجینئرنگ ٹیموں اور محکمہ بلدیات کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں شہر میں جاری ترقیاتی کاموں، سڑکوں کی توسیع، نکاسی آب کے نظام کی بہتری اور شہری سہولیات کے فروغ سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزیر میر علی حسن زہری نے اجلاس کے دوران کہا کہ حکومت حب کو ایک منظم اور جدید شہر کے طور پر ترقی دینا چاہتی ہے اور اسی مقصد کے تحت ماسٹر پلان پر تیزی سے کام جاری ہے۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ ترقیاتی کاموں کے دوران شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے مگر یہ وقتی تکالیف ہیں۔ ان منصوبوں کی تکمیل کے بعد شہریوں کو وہ سہولیات میسر آئیں گی جن کا وہ برسوں سے انتظار کر رہے ہیں۔میر علی حسن زہری نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کی رفتار مزید تیز کی جائے، معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور عوام کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے عوامی رابطہ سیل قائم کیا جائے۔میر علی حسن زہری نے اس موقع پر کہاکہ صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی دلچسپی اور کاوشوں سے ہم کو ترقیاتی فنڈ ملے ہیں۔ اجلاس میں شہر میں ٹریفک کی روانی، صفائی کے نظام، اور عوامی سہولت کے دیگر منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔ وزیر زراعت میر علی حسن زہری نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد حب کو بلوچستان کا ایک ماڈل سٹی بنانا ہے جہاں شہریوں کو تعلیم، صحت، روزگار سمیت تمام سہولیات میسرہوں۔دریں اثناء زہری فارم ہاؤس میں صوبائی وزیرِ زراعت بلوچستان میر علی حسن زہری سے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے عوامی وفود، قبائلی عمائدین اور سیاسی و سماجی نمائندوں نے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران شہریوں نے اپنے مسائل، شکایات اور علاقے میں درپیش مشکلات سے وزیرِ زراعت کو آگاہ کیا۔میر علی حسن زہری نے عوام کے مسائل بغور سنے اور متعلقہ محکموں کو فوری طور پر عملی اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور ان کے دروازے ہمیشہ عوام کے لیے کھلے ہیں۔میں عوامی نمائندہ ہونے کے ناطے اپنے لوگوں کے دکھ درد میں شریک ہوں۔ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور کسی بھی شکایت کے ازالے میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس موقع پر شہریوں نے میر علی حسن زہری کے عوامی رویّے، فوری ایکشن اور دلچسپی کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ عوام کا اعتماد ہی ان کی اصل طاقت ہے اور وہ حب سمیت بلوچستان کے عوام کے لیے عملی اقدامات جاری رکھیں گے تاکہ علاقے میں ترقی امن اور خوشحالی کا تسلسل برقرار رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں