گوادر(این این آئی)وزارتِ بحری امور کی جانب سے ملک گیر میری ٹائم ویک کی مناسبت سے گوادر پورٹ پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج گوادر کی طالبات اور اساتذہ نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب وزارتِ بحری امور کی ہدایت پر چیرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ کی رہنمائی پر منعقد کی گئی، جس کا مقصد نوجوان نسل خصوصاً طالبات کو میری ٹائم سیکٹر کی اہمیت اور پاکستان کی ابھرتی ہوئی بلیو اکانومی سے روشناس کرانا تھا۔ چیرمین گوادر بندرگاہ نورالحق بلوچ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری ٹائم انڈسٹری میں نوجوانوں، خصوصاً خواتین کے لیے بے شمار مواقع موجود ہیں اور پاکستان کی ترقی میں گوادر پورٹ ایک کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ چیرمین گوادر پورٹ نے طالبات پر زور دیا کہ وہ سمندری معیشت کے امکانات کو سمجھیں اور اس شعبے میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔ اس موقع پر منعقدہ سرگرمیوں کا مقصد طلبہ و طالبات کو گوادر پورٹ کی اسٹریٹجک اور اقتصادی اہمیت سے آگاہ کرنا اور یہ سمجھانا تھا کہ سمندری شعبہ عالمی تجارت، پائیدار ترقی اور قومی معیشت میں کس طرح اہم کردار ادا کرتا ہے۔ مرکزی تقریب کے دوران طالبات کو گوادر پورٹ، چائنا بزنس سینٹر (CBC)، فری زون اور ڈیسالینیشن پلانٹ کے مختلف حصوں کا دورہ کرایا گیا، جہاں انہیں بندرگاہ کی روزمرہ کاروائیوں اور جاری تجارتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی آگاہی دی گئی۔

